معروف امریکی اداکارہ اور بزنس ویمن پیرس ہلٹن نے 19 سال کی عمر میں نجی ویڈیو لیک ہونے کے تکلیف دہ واقعے پر ایک بار پھر کھل کر بات کی ہے۔
جعلی تصاویر اور ویڈیوز کے خلاف قانون سازی پر گفتگو کے دوران پیرس ہلٹن جذباتی ہو گئیں۔ کانگریس ویمن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی نجی ویڈیو بغیر اجازت دنیا کے سامنے لائی گئی، جسے برسوں تک لوگ غلط طور پر اسکینڈل کہتے رہے، حالانکہ وہ کھلا استحصال تھا۔
پیرس ہلٹن کا کہنا تھا کہ اس وقت ایسے قوانین موجود نہیں تھے جو انہیں تحفظ فراہم کر سکتے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ویڈیو لیک ہونے کے بعد انہیں شدید شرمندگی، خوف اور تذلیل کا سامنا کرنا پڑا اور اس ناانصافی کے لیے ان کے پاس الفاظ تک موجود نہیں تھے۔
انہوں نے زور دیا کہ جدید دور میں جعلی تصاویر اور ویڈیوز کے خلاف مضبوط قوانین ناگزیر ہیں تاکہ کسی اور کو اس اذیت سے نہ گزرنا پڑے۔









