ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے ہوگا، محسن نقوی

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو بھیجنے یا نہ بھیجنے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کے دہرے معیار کو مسترد کرتے ہوئے کرکٹ کے سنہری اصولوں کے تحت بنگلا دیش کی حمایت کی ہے۔
قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا کہ حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی، پی سی بی اس پر من و عن عمل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں اور تمام فریقین کو کھیل کے اصولوں کے مطابق چلنا چاہیے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک اور یکجہتی سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ ان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق تمام پہلوؤں پر مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد ہی قومی ٹیم کی شرکت کے بارے میں فیصلہ سامنے آئے گا۔
دوسری جانب قومی کھلاڑیوں نے پی سی بی کے اصولی مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بورڈ کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملکی وقار و کرکٹ کے اصولوں کو مقدم رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں