بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 29 جنوری 2026 کو کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں کیا گیا، جہاں بھارتی پراکسی تنظیم فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 30 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، جہاں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے۔ علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔









