نومبر 2026 گورنر ریس کے لئے جدوجہد شروع، ریپبلیکن امیدوار بروس بلیک مین گورنر ہوکل کے مدمقابل
نیویارک ( آواز نیوز) نیویارک سٹی کے مئیر زوہران ممدانی نے نیویارک سٹیٹ کی گورنر کیتھی ہوکل کے دوبارہ الیکشن لڑنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی بھرپور حمایت کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔ مئیر زوہران ممدانی اور گورنر ہوکل کے درمیان ورکنگ ریلشن شپ کا آغاز گورنر کی جانب سے ان کی انتخابی مہم کے دوران بھرپور حمایت اور ان کے لئے کینونسنگ کے بعد ہوا، جس میں وقت کے ساتھ ساتھ استحکام پیدا ہوتا گیا۔ گورنر ہوکل مئیر ممدانی کی نیویارک سٹی کے لئے اقدامات سے بہت خوش ہیں۔ گورنر ہوکل ان ریاستی گورنرز میں شامل ہیں جو نیویارک سٹیٹ میں صدر ٹرمپ کے سخت ترین امیگریشن اقدامات کی کھل کر مخالفت کرتی ہیں۔مئیر زوہران ممدانی نے بھی نیویارک سٹی میں ICE سے تعاون سے انکار کرتے ہوئے نیویارک میں تارکین وطن کے بھرپور تحفظ کے لئے پُر عزم ہیں۔ دوسری جانب گورنر کے لئے ریپبلیکن امیدوار ناسا کاؤنٹی کے ایگزیکٹو بروس بلیک مین نے بھی گورنر کے الیکشن کے لئے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اگرچہ صدر ٹرمپ نے فی الحال ان کی انڈورسمنٹ یعنی حمایت کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔ تاہم قوی امکان ہے کہ صدر بہت جلد بروس بلیک مین کی حمایت کردیں گے۔ نومبر الیکشن میں انہوں نے دوسری مدت کے لئے کاؤنٹی ایگزیکٹو کا الیکشن جیتا تھا۔ بروس بلیک مین الیگل امئگرینٹس کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کا مکمل طور پر ساتھ دے رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گورنر بننے کی صورت میں نیویارک سٹیٹ میں تارکین وطن کے خلاف اقدامات میں تیزی آسکتی ہے۔ انہیں پہلے ہی ICE کی پکڑ دھکڑ میں ٹرمپ کا ساتھ دینے پر اقلیتی کمیونٹیز کی اکثریت کی مخالفت کا سامنا ہے۔









