اٹلی میں دن دیہاڑے پولیس کی وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث واردات ناکام بنا دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اسٹیٹ روڈ 613 پر پیش آیا، جہاں ملزمان نے سڑک کے درمیان ایک ٹرک کھڑا کر کے اسے آگ لگا دی تاکہ ٹریفک معطل ہو جائے اور خوف و ہراس پھیل جائے۔
رپورٹس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس جیسی گاڑیوں کی لائٹس روشن کر کے شہریوں کو یہ تاثر دیا کہ اہلکار کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹ رہے ہیں۔ اسی دوران آرمرڈ کیش وین کے قریب دھماکا ہوا اور ملزمان کا پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
واقعے کے دوران سڑک پر موجود متعدد شہریوں کو زبردستی گاڑیاں روکنے پر مجبور کیا گیا اور ڈاکوؤں نے ان سے نقدی اور قیمتی اشیاء چھین لیں، تاہم وہ کیش وین لوٹنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
فرار کی کوشش میں ملزمان نے پولیس کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ حکام کی جانب سے فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔









