ایران پڑوسی ممالک پر حملہ نہیں کرے گا، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا اعلان

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی حملہ یا میزائل حملے نہیں کیے جائیں گے، جب تک ان ممالک کی سرزمین سے ایران پر حملہ نہ کیا جائے۔

ایک بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ عبوری لیڈر شپ کونسل نے پڑوسی ممالک کے خلاف کسی بھی قسم کا حملہ یا میزائل فائر نہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو علاقائی ممالک کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے اور اس سلسلے میں وہ پڑوسی ممالک سے معذرت خواہ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے موجودہ جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کی کوششوں پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ اس تنازع کے حل کے لیے ثالثی اُن ممالک کو کرنی چاہیے جنہوں نے اس تنازع کو شروع کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ کچھ ممالک نے ثالثی کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے ایران سنجیدہ ہے، تاہم ملک کی خود مختاری اور وقار کے دفاع میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں دکھائی جائے گی۔


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں