ایرانی اسپیکر کا سخت انتباہ: امریکی فوج اسرائیلی پالیسیوں کا نشانہ بن سکتی ہے

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوجی بنیامین نیتن یاہو کی غلط پالیسیوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں قالیباف نے کہا کہ تہران خطے میں امریکا کی تمام سرگرمیوں، خصوصاً فوجی تعیناتیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو نقصان جرنیلوں کی پالیسیوں نے پہنچایا ہے، اسے مزید فوجی اقدامات سے درست نہیں کیا جا سکتا۔
ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ امریکی افواج خود اسرائیلی وزیراعظم کی غلط حکمت عملیوں کا نشانہ بن سکتی ہیں، لہٰذا ایران کے دفاعی عزم کو آزمانے کی کوشش نہ کی جائے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھانے پر غور کر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک ہزار سے زائد امریکی اہلکار خطے میں تعینات کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے حوالے سے برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ پینٹاگون 82nd Airborne Division کے ہزاروں اہلکاروں کو بھی مشرق وسطیٰ بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، تاہم تعیناتی کے مقام اور وقت کے حوالے سے کوئی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں