مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی کی صورتِ حال میں اچانک خطرناک اضافہ ہوگیا ہے۔ عراق، کویت اور سعودی عرب میں تقریباً بیک وقت دھماکوں اور ڈرون و میزائل حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے علاقے میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔
عراق کے شہر اربیل کے ایئرپورٹ کے قریب زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور ممکنہ نقصانات کے بارے میں ابھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب کویتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق حملے کے نتیجے میں ایئرپورٹ کا ریڈار نظام شدید طور پر تباہ ہوگیا۔ تاہم حکام نے بتایا کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر ترجمان ختم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے علاقے الخرج میں قائم امریکی فوجی اڈے، الخرج ایئر بیس کو بھی میزائل اور ڈرون حملے سے نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان کے مطابق حملے کے دوران ایک امریکی ری فیولنگ طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ مزید تین امریکی طیارے شدید نقصان کے باعث ناقابلِ استعمال ہوگئے ہیں۔
ابھی تک امریکی یا سعودی حکام کی جانب سے اس حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ تاہم ماہرین کے مطابق یہ حملے علاقائی کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔









