تل ابیب (نیوز ڈیسک) – اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل امریکا کو فوجی اڈے قائم کرنے کی پیشکش کرے گا۔ واضح رہے کہ اسرائیل میں فی الحال کوئی مستقل امریکی فوجی اڈہ موجود نہیں ہے، جبکہ امریکا کے بڑے فوجی اڈے خلیجی ممالک میں قائم ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل میں امریکی فوج کی موجودگی محدود ہے اور مشترکہ فوجی تنصیبات اسرائیلی اڈوں کے اندر قائم ہیں۔ تاہم اب اسرائیل کی جانب سے امریکا کو مستقل فوجی اڈے قائم کرنے کی پیشکش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مشرق وسطیٰ سے امریکی اڈے اسرائیل منتقل کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نئے فوجی کمپلیکس بنانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
امریکی فوجی نظام اور ریڈار اسرائیل میں پہلے سے فعال ہیں، تاہم مستقل امریکی فوجی اڈوں کی موجودگی علاقائی توازن کو متاثر کر سکتی ہے۔
اب تک امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) اور اسرائیلی فوج کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔









