شمالی کوریا نے امریکا تک مار کرنے والے جدید میزائل انجن کا کامیاب زمینی تجربہ کر لیا

پیانگ یانگ (نیوز ڈیسک) – شمالی کوریا نے امریکا تک مار کرنے کے قابل جدید میزائل انجن کا کامیاب زمینی تجربہ کر لیا ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے خود اس جدید راکٹ انجن کے تجربے کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر کم جونگ ان نے کہا کہ ملک کی دفاعی صلاحیتیں اسٹریٹجک قوت بڑھانے کے حوالے سے ایک ‘اہم مرحلے’ میں داخل ہو چکی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس جدید اور ٹھوس ایندھن والے انجن کے کامیاب تجربے کے بعد شمالی کوریا اب ایک ہی میزائل سے کئی اہداف کو نشانہ بنانے کی تیاری میں ہے۔ اس نوعیت کے انجن بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کی تیاری میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

ٹھوس ایندھن والے انجن سے لیس بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تیزی سے فائر ہو سکیں گے، جس سے میزائل حملوں کی رفتار اور کامیابی میں اضافہ ہو گا۔

تجزیہ کاروں کی رائے:
کوریا انسٹی ٹیوٹ فار نیشنل یونیفیکیشن کے تجزیہ کار ہانگ من کے مطابق حالیہ تجربے میں انجن نے 2 ہزار 500 کلو نیوٹن تک تھرسٹ پیدا کیا ہے، جو کہ گزشتہ برس ستمبر میں رپورٹ کیے گئے 1 ہزار 971 کلو نیوٹن سے زیادہ ہے۔

ہانگ من کا کہنا ہے کہ یہ نئی پیش رفت اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ شمالی کوریا دنیا بھر میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے ایسے میزائل حاصل کرنے کے عزم پر قائم ہے جو طاقتور دفاعی نظاموں کو بھی ناکام بنا سکتے ہوں۔

یہ تجربہ شمالی کوریا کے نئے 5 سالہ قومی دفاعی منصوبے کا حصہ ہے، تاہم اس کی تاریخ اور مقام کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں