کویت سٹی (نیوز ڈیسک) – کویت کی وزارتِ بجلی، پانی اور قابلِ تجدید توانائی نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے کیے گئے حملے میں ایک پاور اور واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی سروس بلڈنگ کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ایک بھارتی کارکن ہلاک ہو گیا ہے۔ وزارت کے ترجمان فاطمہ عباس جوہر حیات نے بتایا کہ یہ حملہ اتوار کی شام کو ہوا
وزارت کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والا کارکن بھارتی شہری تھا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقتول کی شناخت سنتھانا سیلویم (40 سال) کے نام سے ہوئی ہے، جو تمل ناڈو کے ضلع رام ناتھ پورم کا رہائشی تھا۔ وہ شعیبہ پلانٹ میں کنٹریکٹ ورکر تھا اور حملے کے وقت نائٹ شفٹ میں تھا
وزارت کے مطابق حملے کے فوری بعد تکنیکی اور ہنگامی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاکہ نقصان کا ازالہ کیا جا سکے اور پلانٹ کی معمول کی سرگرمیاں بحال رکھی جا سکیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں
کویت کی وزارتِ دفاع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کویتی فضائی حدود میں 14 بیلسٹک میزائل اور 12 ڈرون کا پتہ چلا۔ ان میں سے کچھ نے ایک فوجی کیمپ کو نشانہ بنایا جس میں 10 فوجی اہلکار زخمی ہوئے









