تہران/واشنگٹن – ایران کے سرکاری میڈیا، خاص طور پر فارس نیوز اور مہر نیوز ایجنسی، نے ایک نیا دعویٰ کیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے وسطی ایران کی فضاؤں میں ایک اور امریکی ایف 35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق، طیارے کو پرواز کے دوران نشانہ بنایا گیا اور یہ مکمل طور پر تباہ ہو کر زمین پر جا گرا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طیارے کو شدید نقصان پہنچنے کے باعث پائلٹ کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
مہر نیوز ایجنسی نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ طیارے کے تباہ ہونے کے دوران ہونے والے شدید دھماکے کے باعث امکان کم ہے کہ پائلٹ خود کو بچانے میں کامیاب ہوا ہو۔ ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ 12 گھنٹوں میں مار گرایا جانے والا دوسرا امریکی طیارہ ہے۔
ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کی جانب سے اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل یا تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایران کے اسی نوعیت کے ایک اور دعوے کو امریکا مسترد کر چکا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اس قسم کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ضروری ہے، جبکہ موجودہ صورتِ حال میں حقائق کی مکمل وضاحت سامنے آنا ابھی باقی ہے۔ ماہرین اسے “معلوماتی جنگ” (Information Warfare) کا حصہ بھی قرار دے رہے ہیں۔









