مئیر ممدانی نے نیویارکرز کو سٹی حکومت کے ساتھ منسلک کرنے کے لئے نیا آفس قائم کردیا

Mayor Mamdani Establishes Office of Mass Engagement to Transform How New Yorkers Participate in City Government

تاشا وین ایکن نئے آفس کی سربراہ ہونگی، سٹی ایجنسیوں اور عوام کے درمیان رابطوں کا ذریعہ بنیں گی ، لوگوں میں حکومت سے لاتعلقی کا تاثر دور ہوگا

ایک طویل عرصے سے حکومت تک رسائی صرف دولت مندوں اور بااثر افراد تک محدود تھی، نیا آفس عام نیویارکرز کو حکومت کے قریب لائے گا، میئر ممدانی
نیویارک ( آواز نیوز) نیویارک سٹی کے مئیر زوہران کوامے ممدانی نے عوام کو زیادہ سے زیادہ سٹی حکومت میں شامل کرنے کے لئے آفس آف ماس انگیجمنٹ ( عوام سے منسلک) قائم کیا ہے۔ مئیر ممدانی نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردئے ہیں، جس کے بعد آفس آف ماس انگیجمنٹ کو عملی شکل دیدی گئی ہے۔تاشا وین آکن نئے آفس کی سربراہ ( کمشنر) ہونگی۔ وین آکن نے مئیر ممدانی کی حالیہ انتخابی مہم میں ووٹرز کو انتخابی عمل میں شامل کروانے میں اہم اور تاریخی کردار ادا کیا تھا۔ ان کی قیادت میں والنٹئیرز کی زبردست کوششوں سے 2 ملین سے زیادہ نئے ووٹرز بنے، جو 1969 کے بعد نئے ووٹرز بننے کا سب سے بڑا ٹرن آؤٹ ہے۔ مس وین آکن سٹی ھال اور سٹی ایجنسیوں کے ساتھ کام کریں گی۔ نئے آفس کے ذریعے روز مرہ امور میں زیادہ سے زیادہ نیویارکرز کو حکومتی معاملات سے منسلک کرنا ہے تاکہ حکومت کی عوام تک رسائی آسانی سے ہوسکے۔میئر ممدانی نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے حکومت تک رسائی صرف دولت مندوں اور بااثر افراد تک محدود تھی۔ عام عوام حکومتی معاملات سے لاتعلق رہتے آرہے ہیں۔ مگر آفس آف ماس انگیجمنٹ کے قیام سے حالات تبدیل ہونگے۔سٹی ہال کے کمیونٹی تنظیموں ، مختلف العقائد گروپوں اور عوام سے رابطے بڑھیں گے۔اور سب کی آواز سنی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مس تاشا وین آکن اپنے تجربے اور نظم و ضبط کے ساتھ OME کی سربراہی کریں گی اور نیویارکرز کو حکومت سے اسی طرح منسلک کریں گی جسطرح انتخابی مہم کے دوران ووٹرز کو مئیر ممدانی کے قریب لائی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں