سولر صارفین کے لیے بُری خبر، نیٹ بلنگ کا نیا نظام متعارف،

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل گرڈ کو بجلی فروخت کرنے کے ریٹس میں نمایاں کمی کرتے ہوئے نئے ریگولیشنز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نئے ریگولیشنز کے مطابق پرانے سولر صارفین اپنی بجلی نیشنل گرڈ کو 25 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے پرانے ریٹس پر بیچیں گے، تاہم نئے صارفین کے لیے فی یونٹ ریٹ میں 17 روپے 19 پیسے کی بڑی کمی کر دی گئی ہے۔ نتیجتاً نئے صارفین کو اب اپنی بجلی کی فی یونٹ قیمت صرف 8 روپے 13 پیسے ملے گی، جو پرانے ریٹس کے مقابلے میں تقریباً تین گنا کم ہے۔

اس کے علاوہ نیپرا نے نئے اور پرانے صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا بھی نیا نظام متعارف کروا دیا ہے، جس کے تحت صارف کا یونٹ اب سرکاری یونٹ کے برابر نہیں ہوگا بلکہ نیشنل گرڈ سے لی گئی بجلی کی فی یونٹ قیمت حکومتی ٹیرف اور سلیبس کے مطابق طے ہوگی۔

نیٹ میٹرنگ کے نئے صارفین کے لیے لائسنس کی مدت بھی 7 سال سے کم کر کے 5 سال کر دی گئی ہے۔ پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے مطابق ملک میں اس وقت 7 ہزار میگاواٹ کی صلاحیت کے نیٹ میٹرنگ سولر سسٹم لگ چکے ہیں، جبکہ 13 ہزار سے 14 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے صارفین کا تخمینہ ہے جو آف گرڈ بجلی پیدا کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نئے سولر سرمایہ کاروں کی دلچسپی متاثر ہو سکتی ہے اور سولر سیکٹر کی توسیع پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں