Pakistan Law Enforcement Society Annual Scholarship Dinner with Mayor Eric Adams as Chief Guest

11-15-2024

نیویارک (رپورٹ: محمد فرخ) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پاکستانی
امریکن پولیس افسروں کی نمائندہ تنظیم پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی (PALS)کے زیراہتمام تیسرا سالانہ ایوارڈز ڈنر کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کی خاص بات نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز کی شرکت تھی جنہوں نے کلیدی خطاب بھی کیا اور PALS کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا اہم حصہ قرار دیا۔ پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی تقریب میں موجود تھے۔ انہوں نے روحیل خالد اور ان کے ساتھیوں کو شاندار پروگرام پر خراج تحسین پیش کیا۔سوسائٹی کے صدر ڈیڈیکٹو روحیل خالد اور ان کے ساتھیوں وائس پریذیڈنٹ سارجنٹ اسد انور، ایونٹ کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ احتشام خان،سیکریٹری سارجنٹ وقار علی،ٹریثرر لیفٹیننٹ محمدعشرت، سارجنٹ فیصل اعجاز،ریکارڈنگ سیکریٹری مہران فیاض اور دیگر نے تاریخ ساز ایونٹ کا انعقاد کیا۔ جس میں شرکت کے نئے ریکارڈز قائم ہوگئے۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ ترین افسروں، جوانوں اور PALS کے ممبران، ان کے اہل خانہ اور پاکستانی کمیونٹی کے مختلف طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔ نیویارک سٹیٹ اسمبلی کی خاتون رکن جینفر راجکمار، پاکستان سے اعلیٰ پولیس افسر مقصود بھی خاص طور سے شریک ہوئے۔ پاکستان کے ممتاز گلوکار رفاقت علی خان نے اپنے فن کا بہترین مظاہرہ کیا اور سماں باندھ دیا۔پاکستان کے مشہور ڈرامہ “میں اور تم”کی ہیروئن نعیمہ بٹ نے اپنی موجودگی سے پروگرام میں چار چاند لگادئے۔ اس پروقار تقریب کی خاص بات انواع و اقسام کے کھانے، مٹھائیاں، مشروبات، آئس کریم اور پان تھے، جن سے شرکاء بہت لطف اندوز ہوئے۔قبل ازیں سارجنٹ وقار علی نے تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز کیا۔نیویارک پولیس کے خصوصی بینڈ نے سلامی پیش کیا۔سوسائٹی کے صدر روحیل خالد نے صدارتی خطاب میں کہا کہ ان کی ٹیم کے بغیر اس قدر کامیاب پروگرام کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔اس موقع پر انہوں نے سوسائٹی کے بورڈ ممبران کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔انہوں نے نیویارک پولیس کے اعلیٰ افسران کو بھی تقریب میں خیر مقدم کیااور انکی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر انہوں نے نیویارک پولیس میں پاکستانی امریکن میڈیا کو بھی اب وہی سہولت حاصل ہے جو مین سٹریم امریکی میڈیا کو دستیاب ہے۔روحیل خالد نے بتایا کہ تقریب میں دوران ڈیوٹی قتل ہونے والے فیاض عدید کے اہل خانہ بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ PALS کے ممبران کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور چند سالوں میں 600 سے زائد ممبران ہوچکے ہیں۔ نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز نے روحیل خالد اور ان کی ٹیم کو مسلسل جدوجہد اور محنت پر مبارکباد پیش کی۔مئیر نے بتایا کہ انہوں نے فیاض عدید کے اہل خانہ کی درخواست پر ذاتی توجہ سے مرحوم کے قتل کو دوران ڈیوٹی قتل کی حیثیت سے تمام مراعات دلوائیں۔اور انہیں ہیرو کا درجہ حاصل ہوا جو لائن آف ڈیوٹی کے دوران اپنی جان گنوا بیٹھا۔مئیر ایرک ایڈمز نے سوسائٹی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی طاقت اور اثر و رسوخ کا سہی استعمال کریں اورممبران کی تعداد میں مزید اضافہ کریں۔نیویارک سٹی کے مئیر نے اس موقع پر اسمبلی وومین جینفر راجکمار کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے انڈین امریکن خاتون ہیں جو سٹی کمپٹرولر کا الیکشن لڑرہی ہیں۔ امریکن پاکستانی کمیونٹی سے جینفر راجکمار کی بھرپور حمایت کی درخواست بھی کی۔وہ خواتین کے حقوق کی سربلندی اور پاکستانی کمیونٹی کے لئے دن رات کام کررہی ہیں اور آپ کے ووٹ اور حمایت کی مستحق ہیں۔قونصل جنرل عامر احمد نے سوسائٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ نہ صرف قانون کی پاسداری اور نیویارک شہر کی سیکیورٹی کے لئے سرگرم عمل ہیں بلکہ یکجہتی اور اتحاد کے لئے بھی بھرپور طور پر کام کررہے ہیں۔قونصل جنرل نے پاکستان میں سیلاب اور زلزلے کے متاثرین کی خدمات پر بھی سوسائٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔اسمبلی وومین جینفر نے کہا کہ ان کی جڑیں پاکستان سے پیوستہ ہیں ان کے والد کا تعلق ملتان( پاکستان ) سے ہے۔ انکے امیگرنٹ والدین نے سخت محنت کی جس کی وجہ سے آج وہ روئے زمین کے اس عظیم ملک میں اس عہدے پر ساؤتھ ایشین کمیونٹی کی خدمت کررہی ہیں۔آپ لوگ بھی اپنی محنت اور قابلیت کے بل پر یہاں موجود ہیں۔ اسمبلی وومین نے PALS کی کارکردگی کو سراہا۔ تقریب سے فرسٹ ڈپٹی کمشنر تانیہ کنزیلا، پبلک انفارمیشن کے ڈپٹی کمشنر طارق شیفرڈ،کارلوس نیوس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر PALS کی جانب سے اعلیٰ کارکردگی پر پولیس افسران کو ایوارڈ بھی دئے گئے۔وومین آف دی ائیر ایوارڈ تانیہ کنزیلا جبکہ مین آف دی ائیر کا ایوارڈ طارق شیفرڈ کو دیا گیا۔ جوزف گوٹالا کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا۔کینتھ مورگن کو تعریفی ایوارڈ اور کارلوس نیوس کو کمٹمنٹ ایوارڈ دیا گیا۔احمد علی، حیدر محمود،نادیہ شیخ اور ڈاکٹر شفیق نذیر بھی ایوارڈز پانے والوں میں شامل تھے۔نعیمہ بٹ نے سٹیج پر آکر اپنے “کبھی میں کبھی تم “ میں اپنے کردار کے حوالے سے گفتگو کی انہوں نے شرکاء کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب بھی دئیے۔اور اپنے فینز کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔ رفاقت علی نے دیر گئے اپنی گلوکاری سے لوگوں کو جھومنے، ناچنے پر مجبور کردیا۔ آخر میں روحیل خالد نے اپنی اور سوسائٹی کی طرف سے معزز مہمانوں اور سپانسرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں