پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی کے زیراہتمام ون پولیس پلازہ میں پاکستانی ہیریٹیج نائیٹ اور عید ملن کی مشترکہ اور یادگار تقریب

Pakistani Heritage Night Celebrated at 1 Police Plaza, Manhattan , Mayor Eric Adams attends the Event

04-07-2025

نیویارک پولیس کے مرکزی ہیڈ کوارٹرز میں PALS کے بانی روحیل خالد اور انکے ساتھیوں کی جانب سے منعقدہ پروگرام کے مہمان خصوصی مئیر ایرک ایڈمز تھے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار بھی شریک ہوئے

نیویارک ( رپورٹ: محمد فرخ) نیویارک پولیس کے ہیڈ کوارٹرز ون پولیس پلازہ میں پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی کے زیراہتمام پاکستانی ہیریٹج نائیٹ اور عید ملن کی مشترکہ تقریب کے دوران ہوئی۔۔ تلاوت کلام سے تقریب کا آغازہوا۔ ممتاز عالم دین علامہ مقصود قادری نے تلاوت کی سعادت حاصل کی۔ نعت خواں امجد حسین نے نعت رسول مقبول پیش کرنے کا علاوہ اپنا مشہور ملی نغمہ “ یہ تیرا پاکستان ہے، یہ میرا پاکستان ہے” گایا۔PALS کے سربراہ روحیل خالد اور انکے ساتھیوں نے بہترین پروگرام ترتیب دیا۔ امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔نیویارک پولیس کے خصوصی بینڈ نے پاکستانی ملی نغموں کی دھنیں بجاکر ہال میں موجود پاکستانی امریکنز میں جوش و خروش پیدا کردیا۔
نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد، نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی سمیت اعلیٰ شخصیات اور نیویارک پولیس کے سینئر اور اعلیٰ رینکنگ افسروں نے شرکت کی۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد بھی یادگار اور تاریخی پروگرام میں شریک ہوئی۔مئیر ایرک ایڈمز نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نیویارک سٹی کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں PALS کو خراج تحسین پیش کیا جس نے مختصر عرصے میں بہترین کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک پولیس میں پاکستانی مرد و خواتین کی بڑھتی تعداد خوش آئند بات ہے۔آپ لوگ اس عظیم شہر کی بہترین روایت ڈائیورسٹی کا خوبصورت حصہ ہیں۔امریکن پاکستانی اعلی روایتوں کے امین اور خاندانی نظام اور یکجہتی پر یقین رکھتے ہیں۔آپ لوگ اس شہر اور یہاں کے باسیوں کی حفاظت کا عظیم فریضہ انجام دے رہے ہیں۔سوسائٹی کے سربراہ روحیل خالد نے نیویارک پولیس میں تیزی سے نمایاں مقام حاصل کرنے والی پاکستانی امریکن پولیس افسروں کی تنظیم کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔انہوں نے آڈیٹوریم میں موجود اعلیٰ پولیس اداروں اور پاکستان کے سفیر افتخار عاصم سمیت متعدد شخصیات کا تعارف کروایا۔پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد نے کہا کہ ہم سب کے لئے فخر کی بات ہے کہ ہم پاکستانی ثقافتی نائیٹ اور عید کی خوشیاں منانے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں نیویارک پولیس میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی امریکن جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بھی یہاں جمع ہوئے ہیں۔اس موقع پر کانگریس آفس اور PALS کی جانب سے حال ہی میں کیپٹن کے عہدے میں ترقی پانے والے کیپٹن ضیغم عباس، ملک ناصر اعوان ، احمد جان، عائشہ یاسمین، امتیاز احمد، شیخ اشفاق سمیت متعدد شخصیات کو اعلیٰ کارکردگی پر ایوارڈز دئیے گئے۔تقریب میں امریکن پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علامہ مقصود قادری نے اختتام پر دعا کی۔ پرتکلف کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں