نیویارک (آواز رپورٹ)پاکستانی نژاد امریکی نوجوان نیویارک سٹیٹ کی سب سے بڑی سٹوڈنٹس یونین کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق چوہدری فیصل محمود نے سفوک کاؤنٹی کالج کی سٹوڈنٹ یونین کے صدر کا صدارتی الیکشن کامیابی سے جیت لیا ہے۔سفوک کاؤنٹی کالج سٹیٹ یونیورسٹی آف نیویارک (SUNY) کا سب بڑا کیمپس تصور کیا جاتا ہے۔سٹوڈنٹ یونین کی انتخابی مہم دو ہفتوں سے جاری تھی۔ 28 اپریل سے یکم مئی تک کالج سٹوڈنٹ پورٹل پر ووٹ ڈالے گئے۔کامیابی کے بعد فیصل محمود چوہدری نے کہا کہ مجھے تمام کمیونیٹیز کی حمایت حاصل تھی انکی حمایت اور تعاون کی وجہ سے زبردست کامیابی ملی۔فیصل محمود 2025-2026 کے تعلیمی سال کے دوران کالج کے 25 ہزار سے زائد طلبا وطالبات کی نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران انہیں مختلف سٹوڈنٹس کے ساتھ رابطوں اور بات چیت کے باعث بہت کچھ سیکھنے کو ملا جس سے مجھے اپنے مستقبل کے وژن اور منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔انہوں انتخابی مہم میں سرگرم کردار ادا کرنے پر اپنی ٹیم کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ان کا جوش و جذبہ میرے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔سٹوڈنٹس یونین کے نو منتخب صدر نے کہا کہ مجھے اس کامیابی پر فخر ہے سٹوڈنٹ تنظیم کی خدمت کے لئے تیار ہوں۔انہوں نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ مثبت تبدیلی کے لئے بے لوث کام کریں گے اور طالبعلموں کے تحفظات کو دور کرنے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔چوہدری فیصل محمود اس وقت سفوک کاؤنٹی کالج میں کرمنل جسٹس کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔


