واشنگٹن:
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے۔
اوول آفس میں دیوالی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی مودی سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں تجارت اور علاقائی معاملات پر بات چیت ہوئی۔
ٹرمپ کے مطابق، وہ تجارت کے ذریعے تنازعات حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں، اور اسی پالیسی کے تحت انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو متنبہ کیا کہ پاکستان کے ساتھ کسی قسم کی جنگ نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اپنی صدارت کے دوران انہوں نے تجارت کے ذریعے آٹھ جنگیں رکوا دیں، جن میں پاک–بھارت ممکنہ جنگ بھی شامل تھی۔
ٹرمپ نے بتایا کہ ماضی میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران سات طیارے گرائے گئے، تاہم انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے رابطہ کرکے واضح پیغام دیا کہ اگر جنگ ہوئی تو امریکا تجارتی تعلقات ختم کر دے گا۔
ان کے مطابق، صرف 24 گھنٹوں میں دونوں ممالک نے پیغام دیا کہ وہ جنگ نہیں چاہتے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی متعدد مواقع پر یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو سفارتی طور پر روکنے میں کردار ادا کیا تھا۔