ٹریوس ہیڈ کی جارحانہ سنچری، آسٹریلیا نے پہلا ایشیز ٹیسٹ 8 وکٹوں سے جیت لیا

پرتھ: آسٹریلیا نے پہلے ایشیز ٹیسٹ میں ٹریوس ہیڈ کی دھواں دار سنچری کی مدد سے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں شاندار آغاز کر لیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے 205 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں ٹریوس ہیڈ نے 83 گیندوں پر 123 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اوپنر جیک ویدرالڈ 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ مارنس لبوشین 51 اور کپتان اسٹیو اسمتھ 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی طرف سے دونوں وکٹیں برائیڈن کارس نے حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلینڈ اپنی دوسری اننگز میں 164 رنز پر ہی ڈھیر ہوگیا، حالانکہ بین ڈکٹ (28) اور اولی پوپ (33) نے 65 رنز کی شراکت کے ساتھ ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا تھا۔
بین ڈکٹ کے آؤٹ ہوتے ہی انگلش بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور 104 رنز تک پہنچتے پہنچتے 7 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ جیمی اسمتھ 15، جو روٹ 8، بین اسٹوکس 2 اور ہیری بروک بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں گس ایٹکنسن (37) اور برائیڈن کارس (20) نے 50 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر اسکور میں کچھ بہتری لائی، مگر ٹیم 164 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
جوفرا آرچر 5 جبکہ مارک ووڈ 4 رنز کے ساتھ نمایاں نہ ہو سکے۔

آسٹریلیا کی طرف سے اسکاٹ بولینڈ نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل اسٹارک اور برینڈن ڈوگٹ نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایشیز ٹیسٹ کے پہلے روز مجموعی طور پر 19 وکٹیں گریں، جو کسی بھی ایشیز مقابلے کے ابتدائی دن کا سب سے زیادہ شکار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں