’اسٹرینجر تھنگز‘ سیزن 5 کے فائنل ایپی سوڈ کے دوران نیٹ فلکس سروس عارضی طور پر متاثر، مداحوں میں مایوسی

31 دسمبر 2025 کی شام نیٹ فلکس کو مقبول امریکی سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ کے سیزن 5 کی آخری قسط کے آغاز کے دوران عارضی طور پر سروس میں خلل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث دنیا بھر میں موجود مداح پریشانی کا شکار ہو گئے۔

فائنل ایپی سوڈ دیکھنے کی کوشش کے دوران متعدد صارفین کو اسکرین پر ایک ایرر میسج نظر آیا جس میں لکھا تھا، ’’کچھ غلط ہو گیا ہے‘‘، جبکہ انہیں ہوم پیج پر موجود دیگر مواد دیکھنے کا مشورہ دیا گیا۔ چند منٹ بعد ریفریش کرنے پر صارفین قسط دیکھنے کے قابل ہو گئے، تاہم اس عارضی بندش نے مداحوں کا جوش ٹھنڈا کر دیا۔

’اسٹرینجر تھنگز‘ ایک معروف امریکی سائنس فکشن اور ہارر سیریز ہے جو 1980 کی دہائی کے چھوٹے سے شہر ہاکنز، انڈیانا میں پیش آنے والے پراسرار واقعات پر مبنی ہے۔ کہانی میں بچوں اور نوجوانوں کو غائب ہونے والے افراد، مافوق الفطرت مخلوقات اور ’اپ سائیڈ ڈاؤن‘ نامی متوازی دنیا کے رازوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سنسنی خیز پلاٹ، دوستی اور خاندانی رشتوں کے موضوعات نے اس سیریز کو عالمی سطح پر غیر معمولی مقبولیت دلائی۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ نیٹ فلکس کو ’اسٹرینجر تھنگز‘ سیزن 5 کے دوران تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل 26 نومبر 2025 کو ابتدائی اقساط کے دوران بھی سروس متاثر ہوئی تھی، حالانکہ نیٹ فلکس نے اس بار اضافی بینڈوڈتھ کا انتظام کیا تھا تاکہ زیادہ صارفین کی وجہ سے کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

سروس میں خلل کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا اور فائنل ایپی سوڈ کے دوران کریش ہونے پر مایوسی ظاہر کی۔ سیزن 5 کو خاص اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ تقریباً ایک دہائی پر محیط اس مقبول کہانی کا اختتام ہے، جس کے باعث دنیا بھر میں مداح اور ناقدین اپنے تاثرات اور جذبات سوشل میڈیا پر شیئر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں