کراچی (ویب ڈیسک) – معروف اداکار آغا علی نے اپنی نجی زندگی اور تعلقات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے متعلق کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب کبھی اپنی ذاتی زندگی یا تعلقات کو عوامی نہیں بنائیں گے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “ایک وقت تھا جب مجھے اپنی ذاتی زندگی اور تعلقات پر عوامی تبصرے بالکل پسند نہیں تھے، اب میں یہ غلطی دوبارہ نہیں دوہراؤں گا۔”
اداکار نے وضاحت کی کہ تعلقات کو عوامی کرنے میں صرف ایک فرد نہیں بلکہ دوسرا شخص بھی شامل ہوتا ہے، اس لیے شادی سے پہلے ایسی باتیں شیئر نہیں کرنی چاہئیں۔ “نکاح اللہ کے حضور قائم ہونے والا مقدس رشتہ ہے، میں اپنی شادی کا اعلان فخر کے ساتھ کروں گا لیکن اس سے پہلے کے تعلقات کو عوامی نہیں بناؤں گا۔”
آغا علی نے موجودہ سوشل میڈیا کلچر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے پاس دو افراد کے تعلقات پر تبصرے اور تنقید کے سوا کوئی کام نہیں رہا۔ کچھ لوگ اپنے تعلقات منظرِ عام پر لا کر مطمئن محسوس کرتے ہیں لیکن میں ایسا نہیں ہوں۔
واضح رہے کہ آغا علی ماضی میں اداکارہ سارہ خان کے ساتھ تعلق اور بعدازاں طلاق کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز رہے، جو آج بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آتا ہے۔









