یوٹیوب سے سیکھا ہنر، 14 لاکھ ڈالر کی کمپنی: کینیڈین نوجوان کی حیران کن کامیابی

کینیڈا سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے محض یوٹیوب سے ویڈیو ایڈیٹنگ سیکھ کر غیر معمولی کامیابی حاصل کی اور 14 لاکھ ڈالر مالیت کی ایک کامیاب کمپنی قائم کر لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوان لی نے نہ تو کسی تعلیمی ادارے سے باضابطہ تعلیم حاصل کی اور نہ ہی کاروبار کا کوئی سابقہ تجربہ تھا، تاہم اس نے آن لائن ویڈیوز کی مدد سے ویڈیو پروڈکشن اور ایڈیٹنگ کے ہنر میں مہارت حاصل کی۔
ابتدائی مرحلے میں ٹوان لی نے مقامی تاجروں اور چھوٹے کاروباری افراد کو کم معاوضے پر ویڈیو خدمات فراہم کیں، جس کے نتیجے میں اسے عملی تجربہ حاصل ہوا اور ایک مضبوط پورٹ فولیو تیار ہوا۔ پہلے سال اس کی آمدنی صرف 8 ہزار 500 ڈالر رہی، جبکہ دوسرے سال یہ بڑھ کر 17 ہزار 400 ڈالر تک پہنچ گئی۔
تاہم کووڈ-19 وبا کے دوران اس کے بیشتر کلائنٹس ختم ہو گئے، جس سے اسے شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مشکل دور میں ہمت ہارنے کے بجائے ٹوان لی نے آن لائن مارکیٹ کی طرف توجہ دی اور بین الاقوامی کلائنٹس کو ٹارگٹ کرنا شروع کیا۔
وقت کے ساتھ اس کی مہارت اور ساکھ میں اضافہ ہوتا گیا اور چند ہی برسوں میں اس نے اپنی ویڈیو پروڈکشن کمپنی کو 14 لاکھ ڈالر مالیت کے کاروبار میں تبدیل کر لیا۔ آج اس کی کمپنی دنیا بھر کے معروف برانڈز کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹوان لی کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈیجیٹل دور میں سیکھنے کے مواقع ہر کسی کے لیے موجود ہیں اور مستقل مزاجی، محنت اور درست حکمتِ عملی سے بڑی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں