واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نوبیل امن انعام نہ ملنے کے بعد وہ اب خود کو صرف امن کے نقطہ نظر سے فیصلے کرنے کے لیے پابند نہیں سمجھتے۔
یہ بیان انہوں نے ناروے کے وزیرِ اعظم یوناس گار اسٹورے کو لکھے گئے ایک خط میں دیا، جسے عالمی خبر رساں اداروں نے دیکھا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے خط میں گرین لینڈ پر مکمل امریکی کنٹرول کے مطالبے کو بھی دہرایا اور کہا کہ عالمی سلامتی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک امریکا کو گرین لینڈ پر مکمل اختیار حاصل نہ ہو۔
ٹرمپ نے لکھا کہ انہوں نے اپنی مدت صدارت کے دوران آٹھ جنگیں روکی ہیں، لیکن اس کے باوجود نوبیل امن انعام نہ ملنا ان کے لیے مایوس کن ہے، جس کے بعد وہ اب صرف امن کے نقطہ نظر سے پابند نہیں رہیں گے۔
اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے ڈنمارک پر بھی تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ وہ گرین لینڈ کو روس یا چین سے کیسے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ ان کے مطابق گرین لینڈ پر ڈنمارک کے ملکیتی حقوق کے واضح شواہد موجود نہیں ہیں۔
یہ خط صدر ٹرمپ کی بین الاقوامی پالیسی میں گرین لینڈ پر امریکی دلچسپی اور نوبیل امن انعام سے عدم اطمینان کو واضح کرتا ہے۔









