ٹرمپ کا ڈیوس میں بڑا دعویٰ: اقتدار میں واپسی کے بعد آٹھ جنگوں کا خاتمہ، ’بورڈ آف پیس‘ کے قیام کا اعلان

ڈیوس:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اقتدار میں واپسی کے بعد دنیا بھر میں آٹھ جنگوں کا خاتمہ کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا کی حالیہ خارجہ پالیسی کے باعث عالمی سطح پر کشیدگی میں نمایاں کمی آئی ہے اور دنیا نسبتاً ایک مستحکم دور میں داخل ہو رہی ہے۔
ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس جون میں ایرانی جوہری تنصیبات پر کیے گئے امریکی حملوں کی تعریف کی اور دعویٰ کیا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی جوہری صلاحیت مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اب مذاکرات کا خواہاں ہے اور امریکا سے بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے شام میں داعش کے خلاف امریکی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں یورپ، امریکا اور مشرقِ وسطیٰ کو درپیش سکیورٹی خطرات میں واضح کمی آئی ہے۔ ان کے بقول ایک سال قبل دنیا شدید بحران سے دوچار تھی، تاہم اب حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔
اسی موقع پر صدر ٹرمپ نے اپنے مجوزہ عالمی فورم ’بورڈ آف پیس‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس فورم کا مقصد بین الاقوامی تنازعات کے حل کے لیے ایک مؤثر عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق 59 ممالک مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں میں شامل ہیں جبکہ کئی عالمی رہنما بورڈ آف پیس کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ بعد ازاں ڈیوس میں اس فورم کے چارٹر پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں بحرین اور مراکش کے رہنما بھی شریک تھے۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حماس نے ہتھیار ترک نہ کیے تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ مل کر خطے میں امن کے لیے کام جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں