اسلام آباد ( آواز نیوز) بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد اس وقت پاکستان کے دورے پر موجود ہیں جہاں انھوں نے نہ صرف وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے بلکہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کا بھی دورہ کیا ہے۔
بدھ کے روز انھوں نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا جہاں صحافیوں سے گفتگو کرنے کے دوران انھوں نے 1971 کی جنگ اور سقوط ڈھاکہ سے جڑے واقعات کو یاد کیا۔ ایک موقع پر انھوں نے یہ بھی کہا کہ 1971 میں انڈیا نے ‘بنگالیوں کی مدد نہیں کی تھی بلکہ پاکستان کو کمزور کیا تھا۔’
ان کا دورہ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ پاکستانی فوج کے سابق کپتان ہیں جنھیں 1971 کی جنگ میں اپنی بہادری پر بنگلہ دیش میں فوجی اعزاز سے نوازا گیا تھا۔
دریں اثنا بدھ کی شب بنگلہ دیشی سپیکر کی شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوئی جس دوران پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ ’پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔‘
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بھی ان سے ملاقات کی ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق بنگلہ دیش کی درخواست پر اسلام آباد وہاں شوگر ملوں کی بحالی کے لیے تکنیکی مہارت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ صدر نے ٹیکسٹائل، دواسازی، چمڑا سازی، آٹوموبائل، تعمیراتی سامان، معدنیات، کیمیکلز، سیرامکس اور دیگر شعبوں میں روابط اور تعاون بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی۔









