اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ انتخابات کے انعقاد میں مزید تاخیر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی حکومتوں کا قیام آئینی تقاضا ہے اور کسی انتظامی یا قانونی رکاوٹ کو انتخابات کی راہ میں حائل نہیں ہونے دینا چاہیے۔تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد مقامی حکومت آرڈیننس 2026 کی مدت 6 ستمبر کو ختم ہو چکی ہے، جس کے بعد اس آرڈیننس کے تحت کیے گئے اقدامات بھی غیر مؤثر ہوگئے ہیں۔ آرڈیننس ختم ہونے کے نتیجے میں اسلام آباد مقامی حکومت ایکٹ 2015 دوبارہ بحال ہوچکا ہے، لہٰذا بلدیاتی انتخابات کا شیڈول اسی قانون کے تحت جاری کیا جانا ضروری ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد 12 مارچ 2025 کو حلقہ بندیاں شائع کی گئی تھیں، جو مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر 125 یونین کونسلز کے لیے تیار کی گئی تھیں۔فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 6 مرتبہ حلقہ بندیاں کرائی گئیں جبکہ انتخابی شیڈول بھی 4 مرتبہ جاری کیا گیا۔الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو متعدد خطوط کے ذریعے بلدیاتی آرڈیننس سے متعلق جلد قانون سازی کرنے کی ہدایت بھی کی تھی، تاہم وزارت داخلہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بلدیاتی قانون قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا جانا ہے۔فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے بار بار نئی قانون سازی اور مجوزہ ترامیم انتخابات میں تاخیر کی بنیادی وجوہات بنیں۔ قانون میں تبدیلیوں کو انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا انتخابات غیر معینہ مدت تک مؤخر کرنے کا ذریعہ نہیں بنایا جا سکتا۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد موجودہ نافذ العمل قانون 2015 کے مطابق ہونا چاہیے۔









