بھارت نے پہل کی اور اسی کو پیچھے ہٹنا پڑے گا: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: (آوازنیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے ہی پہل کی اور اسی کو پیچھے ہٹنا پڑے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے برطانوی نشریاتی ادارے ”بی بی سی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، بھارت نے پاکستان میں سویلینز آبادی کو نشانہ بنایا، پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جوابی کارروائی کی، ہم نے بھارت میں کسی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا۔انہوں نے کہا ہے کہ سول آبادی کو نشانہ بنانے کا بھارتی الزام مسترد کرتے ہیں، ہم نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے کارروائی کی، ہم نے صرف بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، بھارت نے امرتسر کو خود نشانہ بنایا۔وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ پہلگام پاکستانی سرحد سے دو سو کلو میٹر سے زائد فاصلے پر واقع ہے، پہلگام واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں، کسی بھی دہشتگردگروپ نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، ہم نے پہلگام واقعہ کیلئے شفاف اور مشترکہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی۔عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا ہے کہ بھارت نے واقعہ کے صرف دس منٹ بعد ایف آئی آر درج کر کے پہلگام واقعہ کو مشکوک بنایا، ہم پر حملے کئے گئے جس کا ہم نے جواب دیا ہے، پاکستان نے ہر ممکن ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا، ہم صرف اپنا دفاع ،بھارت جارحیت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم سفارتی سطح پر مختلف ممالک سے رابطے کرتے رہے، چین اورسعودی عرب کے ساتھ خطے کی صورتحال پر رابطہ ہوا ہے۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں