عمان کے مفتی اعظم ایمان، حوصلے سے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے پر پاکستان کی معترف

مسقط: (ویب ڈیسک) عمان کے مفتی اعظم اور ممتاز عالم دین احمد بن حمد الخلیلی نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عمان کے مفتی اعظم نے بھارت کے حملوں میں ایک مسجد کو نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، مفتیٔ اعظم نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا ایمان، عزم اور حوصلے کے ساتھ مقابلہ کرنے پر برادر اسلامی ملک کو سلام تحسین پیش کرتا ہوں۔عمان کے مفتی اعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایمان، عزم اور حوصلے کے ساتھ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا اور اللہ کا شکر ہے کامیاب بھی ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے گھروں، وہاں عبادت کرنے والوں اور تمام بے گناہ لوگوں پر ہر طرح کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔مفتی اعظم نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کو ثابت قدمی عطا فرمائے اور ظالموں کو مغلوب کرے، انہوں نے نے پوری امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد کو برقرار رکھیں اور ہر طرح کی دشمنی کا مل کر سامنا کرے۔انہوں نے اس کامل یقین کا بھی اظہار کیا کہ اللہ ہمارا مددگار اور ہمیں کامیابی دینے والا ہے، عمان کے مفتی اعظم احمد بن حمد الخلیلی نے سورہ روم کی آیت 47 کا حصہ بھی بیان کیا جس کا ترجمہ ہے کہ اور مؤمنوں کی مدد ہم پر لازم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں