نوشکی: فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید

نوشکی: (آواز نیوز) بلوچستان کے شہر نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔پولیس کے مطابق نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں نامعلوم افراد نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس سے وحید شہید ہو گیا، شہید اہلکار کی نعش ہسپتال منتقل کر دی گئی، انسداد پولیو ٹیم کے دیگر ارکان محفوظ رہے۔ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ نوشکی میں پولیو ٹیم پر حملہ میں شہید اہلکار وحید کا تعلق جمال آباد نوشکی سے تھا، فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔شاہد رند نے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، اس پر حملہ ناقابل برداشت ہے، یہ حملہ قومی مہم سبوتاژ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی سازش ہے، تخریب کاروں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے گی، بلوچستان حکومت پولیو ٹیموں اور سکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کو مزید مؤثر بنائے گی۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے نوشکی میں انسداد پولیو مہم ٹیم پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔انہوں نے نے فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کے لیے اظہار افسوس اور اہلکار کے اہلخانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے انسداد پولیو ٹیم پر حملہ قابل بردشات نہیں، پولیو کی مہم کے خلاف شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔شہید اہلکار عبدالوحید کے سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں: محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کےواقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار عبدالوحید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ نے شہید اہلکار کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عبدالوحید نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ بچوں کے محفوظ و صحت مند مستقبل پر حملہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں