جب تک سانس ہے سارے فارمیٹ کھیلوں گا: شاہین آفریدی

لاہور: (آوازنیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور پی ایس ایل 10 کی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہےکہ میں کسی فارمیٹ سے دور نہیں جا رہا جب تک سانس ہے سارے فارمیٹ کھیلوں گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ کامیابی کا سفر آسان نہیں تھا بہت اتار چڑھاؤ آئے، کریڈٹ عاطف رانا اور ثمین رانا کو جاتا ہے جنہوں نے نوجوانوں کو سپورٹ کیا، کریڈٹ پی ڈی پی کو بھی جاتا ہے، پلیئرز کو موقع ملا اور انہوں نے پرفارم کیا۔شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو یقین تھا کہ ہم اچھا کریں گے، ماحول سب سے اہم ہوتا ہے، ضروری نہیں ہوتا کہ شاہین ہو گا تو جیتیں گے، کسی نے کسی پر انگلی نہیں اٹھائی، سب نے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا، جیت اور اچھی کارکردگی کے لیے یہی کچھ ایک ٹیم کو چاہیے ہوتا ہے۔لاہور قلندرز کے کپتان کا کہنا تھا کہ سکندر رضا کی انٹری فلمی انداز جیسی تھی، ان جیسا کرکٹر نہیں دیکھا، وہ جس طرح آئے تھکاوٹ کا کہہ سکتے تھے لیکن ضرورت کے مطابق کھیلے، لمبے سفر کے بعد آتے ہی کھیلے، آؤٹ کیا اور پھر ٹیم کو جتوایا بھی۔ان کا کہنا تھا کہ میں تبدیل نہیں ہوں گا، شاہین ہوں اور رہوں گا، میں کسی فارمیٹ سے دور نہیں جا رہا جب تک سانس ہے سارے فارمیٹ کھیلوں گا، میں بار بار کہتا ہوں کہ آنکھیں اچھی ہونی چاہئیں، میری پرفارمنس اچھی ہے اور ویسی ہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں