سوراب میں فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کا حملہ، اے ڈی سی ریونیو شہید

سوراب: (آواز نیوز) بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بینک اورسرکاری افسر کے گھر پر حملہ کردیا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ریونیو ہدایت بلیدی دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ذرائع کے مطابق آج شام کو فتنۃ الہندوستان کے بیس سے تیس دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر سوراب شہر کے بازار میں داخل ہوئے، سافٹ ٹارگٹ جیسا کہ بینک اور مارکیٹوں کو نشانہ بنایا بازار میں عام بلوچ خواتین اور بچوں کر بھی تشدد کیا۔

بلوچ بچوں اور عورتوں کو بچانے کے دوران اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے بلیدہ سے تعلق رکھنے والے اور سوراب کے اے ڈی سی آر ہدایت اللہ بلیدی نے جام شہادت نوش کیا جب کہ ایف سی کو آتا دیکھ دہشت گرد فرار ہوگئے۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے سوراب میں بینک اور انتظامی آفیسر کی رہائش گاہ پر بزدلانہ حملہ کیا ہے جس میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے، سوراب بازار میں بینک لوٹ لیا گیا اور مختلف سرکاری افسران کے گھر جلائے گئے ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ حملے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہدایت اللہ بلیدی لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی، اے ڈی سی کی رہائش گاہ پر خواتین اور بچے موجود تھے، ہندوستان کی پراکسیز نے ان کے ایماء پر کارروائی کی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش ناکام بنانے کا عزم ہے جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، ایف سی پولیس اور لیویز علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور علاقے میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں