راولپنڈی (آواز نیوز) – اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹے، قاسم خان کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی موجودگی سے متعلق الزامات جھوٹے اور گمراہ کن ہیں۔سپرنٹنڈنٹ نے واضح کیا کہ “اڈیالہ جیل میں اس وقت کوئی قیدی ہیپاٹائٹس کا شکار نہیں، تمام قیدیوں کا باقاعدگی سے طبی معائنہ کیا جاتا ہے، اور ان کے ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ میڈیکل رپورٹس میں کسی بھی قیدی میں ہیپاٹائٹس یا دیگر وائرل بیماریوں کی تصدیق نہیں ہوئی۔ اگر کسی قیدی میں ایسی بیماری کی تشخیص ہو بھی جائے، تو اسے فوری طور پر دیگر قیدیوں سے علیحدہ کر کے مناسب طبی نگہداشت فراہم کی جاتی ہے۔سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے قاسم خان کے اس سوشل میڈیا بیان کو بھی جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ “ہیپاٹائٹس کی وجہ سے اڈیالہ جیل میں 10 قیدیوں کی اموات ہو چکی ہیں اور عمران خان بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔”ان کا کہنا تھا کہ “ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات غیر ضروری تشویش اور جیل انتظامیہ کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش ہیں۔ عوام کو درست حقائق سے آگاہ رہنا چاہیے۔”
