یومِ استحصال کشمیر: قومی اسمبلی میں بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف قراردادیں متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد (آواز نیوز):قومی اسمبلی نے 5 اگست یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف متفقہ طور پر قراردادیں منظور کر لیں۔ ان قراردادوں میں 5 اگست 2019 کے بھارتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا گیا۔قراردادوں میں کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، آبادی کے تناسب میں تبدیلی، جعلی انتخابات، اور غیر انسانی محاصرے کی شدید مذمت کی گئی۔ایوان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں