لاہور:استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عدالتی نظام جیل ٹرائلز میں الجھا ہوا ہے، جبکہ عوام ایک ظالم حکومت اور نااہل اپوزیشن کے درمیان پس رہی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پورا نظام انصاف شرمندہ ہو چکا ہے، عوام کا عدلیہ پر اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے اور جو فیصلے سامنے آ رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ سیاست غیر سنجیدہ ہے، صبح ایک اعلان ہوتا ہے احتجاج کا، شام کو لیڈر شپ اڈیالہ جیل جا کر کھانا کھا کر واپس آ جاتی ہے جبکہ عام کارکن مشکلات کا شکار رہتا ہے۔
الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے بھارت کے راہول گاندھی والا طریقہ اپنانا چاہیے تھا، جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن کے خلاف ثبوت پیش کیے۔
آئی پی پی رہنما نے خبردار کیا کہ عوام اور حکومت کے درمیان فاصلہ بڑھ چکا ہے اور کسی بھی وقت ایک واقعہ بڑے بحران کو جنم دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک چلانے سے پہلے تیاری ضروری ہوتی ہے لیکن موجودہ اپوزیشن میں کوئی سنجیدہ حکمت عملی نظر نہیں آتی۔