نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) — ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کی کٹھ پتلی مودی سرکار نے خطے میں کشیدگی بڑھانے اور جنگ کے خطرات کو ہوا دینے کے لیے بڑے پیمانے پر جدید جنگی سازوسامان خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی وزارتِ دفاع نے 87 ہیوی ڈیوٹی مسلح ڈرونز اور 110 براہموس سپر سونک کروز میزائلز کی خریداری کی منظوری دی ہے، جس پر 67 ہزار کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کے لیے تھرمل امیجر پر مبنی ڈرائیور نائٹ سائٹ، بحریہ کے لیے خود مختار سطحی جہاز، براہموس فائر کنٹرول سسٹم اور لانچر، جبکہ فضائیہ کے لیے ماونٹین ریڈار اور اسپائڈر ہتھیار نظام کی اپگریڈیشن بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔
مزید انکشاف ہوا ہے کہ بھارت نے ریموٹلی پیلٹڈ ایئرکرافٹ، C-17 اور C-130J طیاروں کی دیکھ بھال، اور S-400 طویل رینج ایئر ڈیفنس سسٹم کے لیے سالانہ مینٹیننس کی منظوری بھی دے دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مہلک ہتھیاروں کا یہ مجموعہ مودی سرکار کی جارحانہ پالیسی کو ظاہر کرتا ہے، جو خطے میں امن کے بجائے کشیدگی بڑھا رہی ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان نے ماضی میں ہر جارحیت کا مؤثر جواب دیا ہے اور آئندہ بھی کسی بھی حملے کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔