واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھارت کو تجارتی مذاکرات میں مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ اور بھارت سمیت کئی ممالک کے ساتھ معاہدے ابھی تک مکمل نہیں ہو سکے۔
اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق، ٹرمپ انتظامیہ اکتوبر کے آخر تک مذاکرات کو حتمی شکل دینا چاہتی ہے، مگر بھارت کا رویہ بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ دو سے تین ماہ میں امریکی اور چینی حکام کے درمیان اہم ملاقات ہوگی، جس میں مستقبل کے معاشی تعلقات پر بات ہوگی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی خطرناک رخ اختیار کر سکتی تھی لیکن امریکی قیادت کی بروقت کوششوں سے ممکنہ بحران کو ٹال دیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگا دیا ہے، جس سے مجموعی شرح 50 فیصد تک پہنچ گئی۔









