نیویارک (آواز نیوز) – پاکستان اور مغربی بحرالکاہل میں واقع جزیرہ نما ملک مائکرونیشیا نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کر لیے۔ پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سفیر عاصم افتخار احمد اور مائکرونیشیا کے مستقل مندوب سفیر جیم ایس لپوے نے نیویارک میں مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو باضابطہ شکل دی گئی۔
یہ تقریب پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے سفارتکاروں سمیت پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یہ تعلقات پاکستان کے یوم آزادی کی سالگرہ پر قائم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات انسانی وسائل کے انتظام، استعداد کار میں اضافہ اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ دونوں ممالک اقوام متحدہ کے فورمز پر عالمی امن و سلامتی کے فروغ سمیت اہم معاملات میں قریبی تعاون کریں گے۔
عاصم افتخار نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستان مائکرونیشیا کا 100 واں سفارتی شراکت دار ہے۔
سفیر جیم ایس لپوے نے دو طرفہ تعلقات کے نئے باب کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے دفاتر کھولنے کے لیے فراہم کی گئی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد بھی پیش کی اور دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب سے قبل دونوں سفراء کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔