لاہور: (آواز نیوز) – قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کھلاڑیوں کے بھاری معاوضے زیر بحث آنے لگے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق رواں برس ممکنہ طور پر آخری بار سینٹرل کنٹریکٹ میں آئی سی سی آمدنی کا 3 فیصد حصہ دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیم نے حالیہ عرصے میں مایوس کن کارکردگی دکھائی، تین میں سے صرف ایک ٹیسٹ جیتا، 11 میں سے 2 ون ڈے اور 14 میں سے 7 ٹی 20 میچز میں کامیابی حاصل کی، جبکہ نچلی رینکنگ والی ٹیموں سے بھی شکست ہوئی۔ اس وقت پاکستان ٹی 20 میں آٹھویں، ون ڈے اور ٹیسٹ میں پانچویں نمبر پر ہے۔
ذرائع کے مطابق دو سال قبل سینئر کرکٹرز نے پہلی بار پی سی بی سے آئی سی سی شیئر کا 3 فیصد لینے کا مطالبہ منوایا تھا، جو اب ممکنہ طور پر ختم ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ کئی ماہ سے شرٹ پر اسپانسر لوگو کی رقم بھی کھلاڑیوں کو ادا نہیں کی گئی۔
موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت اے کیٹیگری پلیئرز کو ماہانہ 45 لاکھ روپے، بی کیٹیگری کو 30 لاکھ، سی کیٹیگری کو 10 لاکھ اور ڈی کیٹیگری کو ساڑھے 7 لاکھ روپے ملتے ہیں، اس کے علاوہ آئی سی سی شیئر اور میچ فیس بھی شامل ہے۔
گزشتہ سال 25 کھلاڑیوں سے معاہدے ہوئے تھے، اب ان میں 5 کا اضافہ کر کے تعداد 30 کی جائے گی، اور نیا سینٹرل کنٹریکٹ اسی ماہ جاری ہونے کا امکان ہے۔