#مصر #سرجری #موبائل_فون #غیرمعمولیواقعہ #صحت #عجیبخبریں

مصر میں انوکھا واقعہ: مریض کے معدے سے موبائل فون نکال لیا گیا

قاہرہ (ویب ڈیسک) – مصر کے شہر الغردقہ کے جنرل ہسپتال میں ڈاکٹروں نے ایک غیر معمولی کامیاب سرجری کے دوران مریض کے معدے سے موبائل فون نکال لیا۔

ریڈ سی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق مریض کو شدید پیٹ درد، لگاتار قے اور کمزوری کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ سکین کرنے پر معلوم ہوا کہ معدے میں ایک بھاری چیز پھنسی ہوئی ہے، جو بعد میں ایک چھوٹا موبائل فون نکلا۔

ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کریم الشبراوی نے بتایا کہ ماہر سرجنز نے فوری طور پر آپریشن کیا اور فون کو نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔ سرجری بغیر کسی پیچیدگی کے مکمل ہوئی اور مریض کی حالت فی الحال مستحکم ہے، تاہم اسے مزید نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ فون معدے میں کیسے پہنچا، مگر یہ واقعہ دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے ان نایاب اور خطرناک کیسز میں شامل ہوگیا ہے، جن میں مریض مختلف اشیاء نگل لیتے ہیں۔ مصر میں اس سے پہلے بھی 2021ء میں ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب ایک مریض کی غذائی نالی میں موبائل فون پھنس گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں