لاہور: ایشیا کپ 2025 کے دوران پاک بھارت ٹاکرے کے باعث سپانسرشپ اور اشتہارات کے ریٹس تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت میچ کے دوران ٹی وی اشتہار کا 10 سیکنڈز کا ریٹ 16 لاکھ بھارتی روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کوپریزنٹنگ پارٹنرشپ 18 کروڑ بھارتی روپے میں دستیاب ہے۔
اسی طرح ایسوسی ایٹ پارٹنرشپ کی قیمت 13 لاکھ بھارتی روپے رکھی گئی ہے اور ایڈورٹائزنگ پیکیج 4.48 کروڑ بھارتی روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ڈیجیٹل اشتہارات میں بھی ریٹس میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کوپریزنٹنگ اور ہائی لائٹس پارٹنر 30، 30 کروڑ بھارتی روپے جبکہ کوپاورڈ پیکیج 18 کروڑ بھارتی روپے میں دستیاب ہے۔ رائٹس ہولڈرز کو ایشیا کپ کی ریکارڈ ویور شپ کی اُمید ہے۔
ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہوگا، جس میں پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔
پاک بھارت پہلا میچ 14 ستمبر کو شیڈولڈ ہے، سپر فور مرحلے میں ممکنہ دوسرا مقابلہ 21 ستمبر کو ہوگا جبکہ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچیں تو تیسرا بڑا ٹاکرا بھی ممکن ہے۔