“سی ٹی ڈی سندھ کی بڑی کارروائی،کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا نیٹ ورک بے نقاب

کراچی: ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ آزاد خان نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ سندھ میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کا نیٹ ورک بے نقاب کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 18 مئی کو بدین کے علاقے ماتلی میں ایک سماجی شخصیت کے قتل میں “را” براہِ راست ملوث تھی۔ اس کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے پولیس نے عمیر اصغر، سجاد اور شکیل کو گرفتار کیا۔

ایڈیشنل آئی جی کے مطابق یہ واردات 9 اور 10 مئی کے تنازعے کے دوران کی گئی تھی۔ تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ خلیجی ممالک میں موجود سنجے کمار عرف فوجی نے بھاری رقم شیخوپورہ کے رہائشی سلمان کو بھیجی، جس نے دیگر ملزمان کے ساتھ حیدرآباد میں ملاقات کی اور پھر ماتلی جا کر واردات انجام دی۔

آزاد خان کا کہنا تھا کہ واردات کے بعد سلمان کراچی ایئرپورٹ سے نیپال فرار ہوگیا، تاہم سی ٹی ڈی نے طلحہ اور عمیر کو 22 اگست کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ “را” نے ایک علیحدگی پسند تنظیم کو بھی استعمال کیا، اور یہ پہلا موقع نہیں ہے، ماضی میں بھی بھارتی خفیہ ایجنسی پاکستان میں دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں