عمران خان سے بہنوں کی ملاقات پر پابندی، پی ٹی آئی کی سی پی او کو درخواست

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی بہنوں کی ملاقات نہ ہونے پر سی پی او کو درخواست جمع کرا دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے وکیل تابش فاروق نے بذریعہ ڈاک جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کو نہ تو ڈاکٹروں سے ملنے دیا جا رہا ہے اور نہ ہی بہنوں سے ملاقات کرائی جا رہی ہے۔ یہ اقدام جیل قوانین اور عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ جیل غفور انجم، اے ایس پی زینب سمیت دیگر پولیس افسران بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق پامال کر رہے ہیں۔ پولیس اہلکار عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، نورین خانم اور ڈاکٹر عظمیٰ کو ہراساں کرتے ہیں اور جیل کے قریب جانے سے روکتے ہیں۔

مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ پولیس اہلکار خانم کو جیل کے راستے سے دور ناکوں پر روک لیتے ہیں، حتیٰ کہ کبھی کبھار زبردستی گاڑیوں میں ڈال کر سنسان مقامات پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس و جیل حکام عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کر کے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ لہٰذا تمام متعلقہ افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں