دیامر حادثہ: ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران تباہ، عملہ شہید

چلاس: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں دو میجرز سمیت پانچ اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران ہُڈور گاؤں کے قریب صبح تقریباً 10 بجے حادثے کا شکار ہوا۔ ہیلی کاپٹر تھکداس کنٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں پائلٹ ان کمانڈر میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، اور آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کا حصہ ہیں تاکہ آپریشنل تیاری ہر وقت یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیت دفاعی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ امدادی اور بحالی مشنز کے لئے بھی ناگزیر ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور گورنر نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ہونے والی قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں