لاہور: بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب سے آگاہ کر دیا ہے۔ وزارتِ آبی وسائل کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو اطلاع دی ہے کہ دریائے ستلج میں ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں پر اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
وزارت کے حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال سے متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ الرٹ کے مطابق سیلاب کا خطرہ آج صبح 8 بجے سے موجود ہے۔
دریائے ستلج کی غضب ناک لہریں
ادھر دریائے ستلج کا پانی تباہی مچاتا ہوا بورے والا کے علاقے میں داخل ہو چکا ہے۔ اس وقت تقریباً 1 لاکھ 90 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے جو آس پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بن رہا ہے۔
بند ٹوٹ گئے، فصلیں تباہ
سیلاب سے بچاؤ کے لیے تعمیر کیے گئے متعدد بند ٹوٹ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں پانی ساہوکا تک جا پہنچا ہے۔ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں، جن میں کپاس، دھان، مکئی اور تل شامل ہیں، مکمل طور پر دریا برد ہو چکی ہیں۔
کسانوں کا المیہ
کھیتوں کی بربادی نے کسانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ مقامی زمینداروں کا کہنا ہے کہ فصلوں کی تباہی سے ان کی سال بھر کی محنت ضائع ہو گئی ہے اور اب وہ مالی بحران سے دوچار ہیں۔