لاہور: پنجاب حکومت نے فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی، فرقان احمد خان کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہید افسر کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے مالی امداد اور اعلیٰ سول ایوارڈ کی منظوری دے دی۔
فرقان احمد خان کینسر کے مریض ہونے کے باوجود لگاتار چار روز سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں دن رات ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے۔ انہوں نے متاثرین کو خوراک، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ریسکیو سرگرمیوں میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
گزشتہ روز ریلیف آپریشن کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے وہ انتقال کر گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:
“فرقان احمد عوامی خدمت کی روشن مثال ہیں، انہوں نے مشکل ترین حالات میں اپنی جان کی قربانی دے کر فرض شناسی کا عملی ثبوت دیا۔ ایسے ہیروز قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔”