تیانجن: (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) باہمی اعتماد اور مفاد کے اصولوں پر گامزن ہے اور وقت کے ساتھ یہ تنظیم ایک تناور درخت کی طرح مضبوط ہو چکی ہے۔
چین کے شہر تیانجن میں جاری ایس سی او سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے، خصوصاً تجارت اور معیشت کے شعبوں میں نئے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کی شراکت دار ممالک سے تجارت کا حجم 2.3 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ چین رکن ممالک کو 10 ارب یوآن کا قرض فراہم کرے گا۔
چینی صدر نے ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز بھی دی اور کہا کہ مشترکہ خوشحال مستقبل کے لیے تجارتی و مواصلاتی روابط بڑھانے ضروری ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چین، ایس سی او کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
واضح رہے کہ ایس سی او کے اس دو روزہ اجلاس میں 20 ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف کر رہے ہیں جو علاقائی تعاون، استحکام اور عالمی مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔