اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں مسجد کا زیرِ تعمیر مینار مسمار کر دیا

مغربی کنارہ (مانیٹرنگ ڈیسک):اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر دورا میں قائم ایک مسجد کے زیرِ تعمیر مینار کو بلڈوزر کی مدد سے منہدم کر دیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب فوجی مشرقی جانب سے شہر میں داخل ہوئے اور علاقے کو زبردستی خالی کرا کر کارروائی کی۔فلسطینی نیوز ایجنسی “وفا” کے مطابق قابض اسرائیلی فورسز مسلسل نہتے فلسطینیوں پر ظلم ڈھا رہی ہیں۔ آئے روز حملوں کے دوران نہ صرف بے گناہ شہری شہید کیے جا رہے ہیں بلکہ ان کی عبادت گاہوں اور تعمیرات کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق جس مینار کو نشانہ بنایا گیا وہ الفاروق مسجد کا حصہ تھا، جس کی بلندی تقریباً 15 میٹر تھی۔ سدرن اینڈومنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے یہ جواز پیش کیا کہ مینار فوجی ٹاور کے سامنے واقع تھا، اسی لیے اسے گرایا گیا۔یہ واقعہ فلسطینی عوام کے لیے ایک اور غمگین باب ہے جہاں نہ صرف ان کی زندگیاں غیر محفوظ ہیں بلکہ ان کی عبادت گاہیں بھی قابض فوج کے حملوں کی زد میں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں