ٹرمپ کا یورپی رہنماؤں کو سخت پیغام: روسی تیل خریدنا بند کریں، چین پر دباؤ بڑھائیں

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی رہنماؤں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر روسی تیل کی خریداری بند کریں اور ساتھ ہی چین پر معاشی دباؤ بڑھائیں تاکہ یوکرین جنگ کو ختم کرنے کی راہ ہموار ہو سکے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ مؤقف یوکرینی صدر اور یورپی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں پیش کیا۔ یہ اجلاس دراصل “Coalition of the Willing” کے نام سے بنائے گئے اتحاد کا حصہ تھا، جس کا مقصد یوکرین کی سلامتی اور جنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی تیار کرنا ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ یورپ روس سے جو تیل خرید رہا ہے، اس کی کمائی براہِ راست یوکرین جنگ میں استعمال کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق صرف ایک سال میں روس نے یورپ کو ایندھن فروخت کر کے ایک ارب یورو سے زائد حاصل کیے، جو ماسکو کی جنگی مشینری کو مضبوط بنا رہے ہیں۔اپنے خطاب میں امریکی صدر نے زور دیا کہ اگر یورپی ممالک واقعی یوکرین کی حمایت کے خواہاں ہیں تو انہیں روس کے مالی وسائل روکنے ہوں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے چین پر دباؤ بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ ماسکو کو جنگی مدد فراہم کرنے والے ممکنہ ذرائع کمزور کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں