انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے افتتاحی تقریب اور ٹکٹنگ شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ رواں برس یہ میگا ایونٹ بھارت کے چار شہروں اور سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا، جس میں شائقین کو کرکٹ کے ساتھ ساتھ ثقافت اور موسیقی کے رنگ بھی دیکھنے کو ملیں گے۔
افتتاحی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکارہ شریا گھوشل اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔ تقریب کو مزید یادگار بنانے کے لیے گراؤنڈ پر خصوصی ویژولز اور تھیمیٹک سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، تاکہ شائقین کو کھیل اور فنونِ لطیفہ کا حسین امتزاج میسر آ سکے۔
ابتدائی میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان گوہاٹی میں کھیلا جائے گا، جس سے قبل رنگارنگ تقریب شائقین کو محظوظ کرے گی۔
شائقین کے لیے بڑی خوشخبری
آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ کی ٹکٹوں کی قیمتیں تاریخ کی سب سے کم رکھی گئی ہیں۔ بھارت میں لیگ میچز کے ٹکٹ صرف 100 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ اس فیصلے کا مقصد زیادہ سے زیادہ کرکٹ شائقین کو اسٹیڈیمز تک لانا اور ویمنز کرکٹ کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
ٹکٹنگ شیڈول
ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز گزشتہ روز ہو چکا ہے۔ ابتدائی چار روزہ پری سیل ونڈو صرف گوگل پے صارفین کے لیے مخصوص ہے، جو 8 ستمبر شام 7 بجے تک جاری رہے گی۔ عام فروخت کا دوسرا مرحلہ 9 ستمبر رات 8 بجے سے شروع ہوگا، جس میں تمام شائقین کو ٹکٹ حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں راؤنڈ رابن میچز کے ٹکٹ دستیاب ہیں، جب کہ دوسرے مرحلے میں دیگر میچز کے ٹکٹس فروخت کیے جائیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ویمنز کرکٹ کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ سستے ٹکٹس اور ثقافتی رنگوں سے سجا ایونٹ زیادہ عوامی دلچسپی پیدا کرے گا۔