چاہت فتح علی خان کا علی حیدر پر طنزیہ وار: “20 کروڑ دینا تو دور، میرے پاس اتنے پیسے ہیں ہی نہیں”

پاکستانی سوشل میڈیا سینسیشن اور گلوکار چاہت فتح علی خان نے اپنے منفرد اور مزاحیہ انداز میں ایک بار پھر توجہ حاصل کر لی ہے۔ اس بار ان کا نشانہ مشہور گلوکار و رائٹر علی حیدر بنے ہیں۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ علی حیدر ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں ان سے سوال کیا گیا کہ اگر 20 کروڑ روپے ملیں تو کیا وہ چاہت فتح علی خان کے ساتھ گانا گانے پر تیار ہوں گے؟ اس پر علی حیدر نے ہنستے ہوئے کہا:
“نہیں، یہ ان کا وقت ہے، اللہ نے ان کی کوئی دعا قبول کر لی ہے، انہیں جینے دیں۔ لوگ چاہیں تو انہیں مزاحیہ فنکار کہیں لیکن کم از کم انہیں جینے کا حق ضرور دیں۔”

علی حیدر کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے ایک یوٹیوب انٹرویو میں اپنے مخصوص انداز میں جواب دیا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا:
“اگر 20 کروڑ دینے کے باوجود وہ میرے ساتھ نہیں گائیں گے تو کوئی بات نہیں، میرے پاس ویسے بھی اتنے پیسے نہیں ہیں۔ میں تو غریب آدمی ہوں۔”

ساتھ ہی انہوں نے علی حیدر کے امریکا میں سیٹل ہونے پر بھی چٹکی لی اور کہا:
“وہ تو کراچی چھوڑ کر امریکا جا بسے ہیں، البتہ میں بھی جلد امریکا جانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔”

سوشل میڈیا صارفین اس مکالمے پر خوب تبصرے کر رہے ہیں، اور چاہت فتح علی خان کا یہ نیا طنزیہ بیان ایک اور وائرل موضوع بن چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں